سوات، پولیس مقابلے میں بدنامِ زمانہ منشیات فروش و اشتہاری مجرم محبوب ہلاک

بدھ 25 جون 2025 02:35

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)سوات کی تحصیل مٹہ میں پولیس اور ایک بدنامِ زمانہ منشیات فروش و اشتہاری مجرم کے درمیان مقابلے میں مجرم ہلاک ہو گیا۔ پولیس ترجمان معین خان کے مطابق ہلاک ہونے والے مجرم کی شناخت محبوب ولد سرزمین ساکن کوزہ درشخیلہ کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق محبوب پولیس کو دہشت گردی، اقدامِ قتل، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا، اور اس کے خلاف تھانہ مٹہ میں 16 مقدمات درج تھے۔

وہ مقدمہ نمبر 7ATA-324 میں بھی اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مٹہ پولیس کی ٹیم نے اطلاع پر مجرم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، تاہم مجرم نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں مجرم ہلاک ہو گیا۔ترجمان نے کہا کہ کارروائی حفاظت خود اختیاری کے تحت کی گئی، اور پولیس پارٹی بحفاظتواپس آگئی۔ لاش کو مزید قانونی کارروائی کیلئے مٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔