خانیوال،محرم الحرام پر قیام امن کے سلسلہ میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس

بدھ 25 جون 2025 22:40

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان وخطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان،ڈی پی او اسماعیل کھاڑک،اے ڈی سی جی غلام مصطفیٰ سہیڑ اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن اولین ترجیح ہے،اتحاد بین المسلمین کا قافلہ امن،بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دے رہا ہے،ہمارے لئے استحکام پاکستان،دفاع پاکستان اور پیغام پاکستان بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا ہمارا دشمن مکار و چالاک ہے،ملک میں آج قومی یکجہتی کی بڑی ضرورت ہے،ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے،پوری دنیا اب ہمارے فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کو سراہ رہی ہے،ساری دنیا نے دیکھا پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف کو استحکام پاکستان کے قافلے روانہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،محرم الحرام میں علمائے کرام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں،عوام الناس آپس میں متحد ہوں،ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے۔\378