نیویاک،مودی کے سخت ناقد زہران ممدانی کاامریکہ میں سیاسی عروج

بدھ 25 جون 2025 22:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) بھارتی نژاد زہران ممدانی کے امریکہ میں سیاسی عروج پر گوکہ بھا رت کا میڈیاجشن منا رہا ہے تاہم ممدانی وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت ناقد مانے جاتے ہیں ۔ ممدانی 2002 کے گجرات قتل عام میں مودی کے کردار پر انہیں ”جنگی مجرم“ قرار دے چکے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زہران ممدانی نیویارک کے میئر (پرائیمری )کا انتخابات لڑ رہے ہیں ۔

ان کا مخالف امیدار دست بردار ہو چکا ہے اور ممدانی کی جیت یقینی ہے۔ممدانی کے سیاسی عروج کوبھارتی میڈیا اورتارکین وطن بھارتی حلقوں میں پورے بھارت کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ممدانی نریندر مودی کے سخت ناقد ہیں اور وہ انہیں گجرات قتل عام کا مجرم سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ممدانی نے بارہا کہا کہ مودی نے گجرات میں 2002 کے مسلم مخالف فسادات کی منصوبہ بندی کی، انہوں نے اس قتل عام کو 'نسل کشی' اور مودی کو 'آمر' قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے مودی نے مسلمانوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام کی براہ راست نگرانی کی ۔ ان کی شہ پر بڑے پیمانے پر تشدد ہوا جس سے سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے۔ جب ممدانی سے پوچھا گیا کہ اگر مودی میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ریلی کریں گے تو کیا وہ (ممدانی) اس ریلی میں شرکت کریں گے ، اس پر انہوں نے دو ٹوک جواب دیا نہیں میں اس ریلی میں شرکت نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد کا خاندان گجرات سے ہے، وہ مسلمان ہیں، میں مسلمان ہوں، نریندر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کے اجتماعی قتل عام کی مکمل پشت پناہی کی، وہ ایک جنگی مجرم ہے۔ ممدانی کے ان تبصروں سے نریندر مودی کی عالمی سطح پر سخت شرمندی ہوئی ہے ۔ ممدانی کا کہنا ہے کہ مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو دونوں مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ان پر ریاستی جبر کر رہے ہیں۔ ممدانی کی حق پر مبنی یہ آواز مودی اور انکے ہندو توا نظریے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے اور عالمی ضمیر کو بھی یہ یاد دہانی کرارہی ہے کہ گجرات کے مسلمان تاحال انصاف سے محروم ہیں۔