بھارتی جیلوں میں مقید حریت قائدین اور کارکنان کو بدترین جسمانی و ذہنی اذیتوں کا سامنا

جمعرات 26 جون 2025 15:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)انٹرنیشنل ٹارچر ڈے کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام اور بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنماؤں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے دارالحکومت مظفرآباد میں تحریکِ شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے زیر اہتمام چئیرمین منیر کونشی کی زیر قیادت ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سمینار میں ڈاریکٹر لبریشن سیل جناب راجہ محمد اسلم خان، چیرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی،حریت رہنما مشتاق السلام، ایڈوکیٹ، راجہ رمضان،ایڈوکیٹ راجہ حسن، ایم ڈی کمپیوٹنگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی چوہدری بابر رفیق،چئیرمین تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ منیر کونشی،مرکزی چیف آرگنائزر نصیر میر،صدر ریاض اعوان ودیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں زیرحراست کشمیریوں اور ٹارچر سیلوں میں بدترین ریاستی تشدد کا شکار بنائے جانے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

کشمیری نوجوانوں، خواتین، بزرگوں حتیٰ کہ بچوں تک کو تشدد، جبری گمشدگیوں اور غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنما شدید اذیت اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا شکار ہیں، جنہیں نہ صرف عدالتی انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ انہیں ذہنی و جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔''مقررین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی جبر کا نوٹس لیں اور بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو طاقت، تشدد، گرفتاریوں اور ٹارچر کے ذریعے دبانا چاہتا ہے، لیکن کشمیری عوام بالخصوص نوجوان نسل غیرمعمولی حوصلے اور استقامت کے ساتھ بھارتی ظلم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں مقید حریت قائدین اور کارکنان کو بدترین جسمانی و ذہنی اذیتوں کا سامنا ہے، مگر اس کے باوجود وہ اپنے نصب العین سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔

یہ کشمیری قوم کی حریت پسند روح کا مظہر ہے۔سیمینار کے دیگر مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے، اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بنائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجیں۔

ممتاز حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک طرف وہ کینسر جیسے جان لیوا مرض میں مبتلا ہیں، تو دوسری جانب بھارتی حکومت دانستہ طور پر انہیں بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھ کر سست موت کی طرف دھکیل رہی ہے، جو نہ صرف انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ شبیر احمد شاہ وہ باوقار کشمیری قائد ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے 38 سال بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے قوم کی آزادی کے لیے وقف کیے۔

عالمی برادری کو اس ظلم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ اور سنیر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی فلفور رہائی کے لیے بھارت کو مجبور کریں اس موقع پر شہدائے تحریک آزادی کشمیر، اسیران حریت، اور ان تمام کشمیری مرد و خواتین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ظلم و بربریت کا سامنا کرتے ہوئے تحریک کو زندہ رکھا۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تشدد کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے عالمی عدالت انصاف میں کیس دائر کیا جائے اور بھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

سیمینار کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت اور بھارت کے غیر انسانی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی اور شہداء پاکستان و کشمیر و فلسطین کے لیے دعا کی گئی۔سمینار میں ڈاریکٹر لبریشن سیل جناب راجہ محمد اسلم خان، چیرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی،حریت رہنما مشتاق السلام، ایڈوکیٹ راجہ رمضان،ایڈوکیٹ راجہ حسن، ایم ڈی کمپیوٹنگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی چوہدری بابر رفیق، نیوز ایڈیٹر جموں وکشمیر ٹائمز پرویز درانی، ماسٹر رفیق قریشی، فیاض احمد، مرکزی چیف آرگنائزر نصیر میر، سٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران صدر ریاض اعوان، جنرل سیکریٹری زبیر درانی،میڈیا ایڈوائزر ارشد اعوان،حلقہ لچھراٹ کے صدرشبیر بٹ، جہلم ویلی کے صدر فلک خان و جہلم ویلی یونٹ کے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔

۔۔