دیار غیر میں مقیم اوورسیز کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،سردارعابد حسین عابد

پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں آزاد جموں وکشمیر بھر کے اندر تعمیر وترقی کا جال بچھایا

جمعرات 26 جون 2025 15:13

ناٹنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی یوکے راجہ جاوید اقبال کی جانب سے گذشتہ روز سابق وزیر اطلاعات وامیدوار قانون ساز اسمبلی،مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر سردار عابد حسین عابد کے اعزاز میں ٹیپو ریسٹورنٹ پر عشائیہ دیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے مرکزی رہنما راجہ شبیر احمد،جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی ناٹنگھم برانچ چوہدری صغیر کالس،اشفاق راجہ،زاہد کلیال بینسی،سابق مشیر صدر ریاست راجہ ایوب،صدر مسلم لیگ ن ناٹنگھم برانچ راجہ عجائب اور محمد مبشر شریک تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم اوورسیز کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط کرتے ہیں برطانیہ میں اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ ممبر برطانوی پارلیمنٹ،کونسلرز،میئرز اور لارڈ میئر منتخب ہو کر اپنی کمیونٹی کے مسائل حل کر رہے ہیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اوورسیز کشمیریوں کا اہم کردار ہے جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کی تعمیر وترقی میں بھی تارکین وطن کشمیریوں کا مین کردار ہے جس کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انھوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں آزاد جموں وکشمیر بھر کے اندر تعمیر وترقی کا جال بچھایا میڈیکل کالجز دیئے،یونیورسٹیاں دی،میرٹ پر حق داروں کو ان کی دہلیز پر نوکریاں دی،نیلم سے لے کر بھمبر تک سڑکات کا جال بچھایاحقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آمدہ الیکشن کے اندر الیکشن میں دیار غیر میں مقیم کشمیریوں کا کلیدی کردار ہو گا میری دیار غیر میں مقیم اوورسیز کشمیریوں سے اپیل ہے وہ آئیں اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور پیپلز پارٹی کو کامیاب کروائیں پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل کا مداوہ کر سکتی ہے۔اس موقع پر مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے ہم ان شاء اللہ اپنے قائدین کی ہر کال پر لبیک کہیں گے اور پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔