اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

جمعہ 27 جون 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم اور ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،جدید رجحانات کی وجہ سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں قابل ذکر ترقی ہوئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، صوابی کے 29ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان اس وقت پانچویں صنعتی انقلاب سے گزر رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور انٹرنیٹ آف تھنگز جیسے جدید تصورات اب صرف خیالات نہیں رہے بلکہ عملی طور پر صنعتوں اور معیشت کو تبدیل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاانہی جدید رجحانات کی وجہ سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں قابل ذکر ترقی ہوئی ہے اور رواں سال آئی ٹی کی برآمدات 5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے کہ اب ہمارا مستقبل صرف روایتی وسائل پر نہیں بلکہ انسانی و علمی سرمائے پر منحصر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جدید مہارتیں حاصل کریں جن کے ذریعے نہ صرف وہ دنیا بھر میں انویشن کا ذریعہ بن سکیں اور لیڈرشپ کا کردار ادا کر سکیں، بلکہ جہاں کہیں بھی جائیں، ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل کے قیام میں مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور سیکھنے کے مختلف نئے طریقے وجود میں آ رہے ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا استعمال سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ تعلیم پر سرمایہ کاری کو فوقیت دی۔ ان کا ماننا تھا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے طلبائ و طالبات کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔کانووکیشن میں چیئرمین سینیٹ نے 548 طلباءمیں ڈگریاں تقسیم کیں، جن میں 470 بی ایس، 65 ایم ایس اور 13 پی ایچ ڈی گریجویٹس شامل تھے۔ نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کے والدین، مختلف جامعات کے سربراہان، جی آئی کے انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ، تعلیمی و انتظامی عملہ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

ایس او پی ریسٹ کے صدر انجینئر سلیم سیف اللہ خان نے چیئرمین سینیٹ کا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ادارے کے مشن اور و یژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جی آئی کےانسٹیٹیوٹ اپنے بانی کے و یژن کے مطابق مستقبل کے چیلنجز کے لیے نسل کی تیاری میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے پاکستان کو خود کفیل بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے والدین کو بھی مبارکباد دی۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے مختلف شعبوں کے فارغ التحصیل طلباءکو اسناد اور اعزازات بھی دیئے۔