واشنگٹن‘ وفاقی وزیر احد چیمہ کی عالمی بینک کی قیادت سے اہم ملاقات

پاکستان اور عالمی بینک گروپ کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعاون کی تعریف

جمعہ 27 جون 2025 15:09

واشنگٹن‘ وفاقی وزیر احد چیمہ کی عالمی بینک کی قیادت سے اہم ملاقات
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ نے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران عالمی بینک کی اعلیٰ قیادت سے واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر برائے آپریشنز آنا بیئر ڈے اور جنوبی ایشیا کے نائب صدر مارٹن رائزر سے تفصیلی ملاقات کی۔احمد چیمہ نے گزشتہ برس کے دوران پاکستان اور عالمی بینک گروپ کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعاون کی تعریف کی، جس کا نتیجہ ''کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

یہ 10 سالہ حکمت عملی ہے جس کے تحت عالمی بینک کی جانب سے 40 ارب امریکی ڈالر کی تاریخی معاونت فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبد الحق بجاوی سے بھی ملاقات کی اور تجویز دی کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرنے چاہئیں تاکہ ان کی ترقیاتی ضروریات اور ممکنہ شراکت داریوں کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان ملاقاتوں میں حالیہ عالمی بینک کی منظوریوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جن میں 700 ملین ڈالر کا ریکو ڈک مائننگ منصوبہ اور 400 ملین ڈالر کا رسک پارٹیسپیشن فسیلٹی شامل ہیں، جو بعض اعتراضات کے باوجود آگے بڑھے ہیں۔وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے کہا کہ بطور پاکستان کے سب سے بڑے ترقیاتی شراکت دار، عالمی بنک نے ہماری معاشی و سماجی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔