منشیات کے خلاف عالمی دن، اے این ایف ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ میں بھرپور انداز میں منایا گیا، ترجمان

جمعہ 27 جون 2025 14:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) اینٹی نارکاٹکس اتھارٹی(اے این ایف) ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ میں منشیات کے خلاف عالمی دن بھرپور انداز میں منایا گیااور منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے تجدیدِ عہد کیا گیا۔اے این ایف کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف نے "منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے تجدیدِ عہد کیا۔

ملک بھر میں اے این ایف کے علاقائی دفاتر (نارتھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان) میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔مرکزی قومی تقریب، اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ اے این ایف بطور قومی انسداد منشیات ادارہ، اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پیش پیش ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز معزز مہمانوں کی آمد سے ہوا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات (UNODC) کے کنٹری ریپریزنٹیٹو، ڈائریکٹر انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز، اور 37 ممالک کے ڈرگ لا ایزون آفیسرز نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا - پاکستان اپنے مشن پر ثابت قدم ہے کہ منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرے۔ قومی سطح پر اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داری، خصوصاً این سی اے، آئی این ایل-پی، ہو این او ڈی سی اور دیگر ممالک کے تعاون سے پاکستان پوری ذمے داری اور انہماک سے قیادت کر رہا ہے تاکہ منشیات سے پاک دنیا کا خواب حقیقت میں بدلا جا سکے۔