بارشوں ، سیلابی ایمرجنسی کے پیش نظر الخدمت فائونڈیشن ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس

جمعہ 27 جون 2025 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) بارشوں اور سیلابی ایمرجنسی کے پیش نظر الخدمت فائونڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس منعقد۔اجلاس میں چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ و مرکزی نائب صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان اعجازاللہ خان، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی سمیت مرکزی اور ریجنل ذمہ داران کی شرکت۔ اعجازاللہ خان نے کہا کہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر مرکزی، ریجنل اور مقامی سطح پر فلڈ ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں ہر پہلو سے پیشگی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں الخدمت کی ٹیمیں اور والنٹیئرز کی پری مون سون تربیت کا آغاز۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت فائونڈیشن کا سرکاری اداروں، ضلعی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے سے مثر رابطہ ہے، جبکہ عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

اعجازاللہ خان نے کہا کہ الخدمت کے کارکن ہر طرح کے غیر متوقع حالات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضروری امدادی سامان بشمول ریسکیو آلات، خیمے، مچھر دانیاں اور ترپال پہلے ہی الخدمت رسپانس سنٹرز میں پہنچا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ افراد جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، دراصل الخدمت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔