ث*وزیر ریلوے حنیف عباسی کے 100 روز مکمل، ریلوے کی کارکردگی پر فلم جاری

ریلوے کو ترقی یافتہ ادارہ بنانے کے لیے بھرپور توانائی سے کام کریں گے، وفاقی وزیرحنیف عباسی کا وعدہ

جمعہ 27 جون 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2025ء)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے وزارت سنبھالنے کے 100 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان ریلویز کی جانب سے کارکردگی پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم جاری کی گئی ہے، جس میں وزیر ریلوے کی ابتدائی تین ماہ کی سرگرمیوں، فیصلوں اور اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دستاویزی فلم میں ریلوے میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات، انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن، ٹرین سروسز کی بہتری، مسافروں کی سہولیات اور نئے منصوبوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ''یہ تو ابھی سفر کا آغاز ہے، ہم ریلوے کو ایک ترقی یافتہ اور جدید ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔'' انہوں نے کہا کہ آئندہ ساڑھے تین سالوں میں ریلوے کی بہتری اور ترقی کے لیے بھرپور توانائی اور جذبے سے کام کریں گے۔حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے ایک قومی اثاثہ ہے، اور اس کی بحالی و بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے ریلوے نظام کی بہتری کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی۔