تیونس سے کراچی آنیوالی لڑکی محبت حاصل کرنے میں ناکام، ویزہ ختم ہونے پر وطن واپسی بھی مشکل ہوگئی

خاتون کی سوشل میڈیا پر نوجوان محمد عامر سے دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی اور خاتون شادی کے لیے پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد کراچی پہنچ گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جون 2025 11:20

تیونس سے کراچی آنیوالی لڑکی محبت حاصل کرنے میں ناکام، ویزہ ختم ہونے ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون 2025ء ) تیونس سے کراچی آنیوالی لڑکی محبت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد ویزہ ختم ہونے پر وطن واپسی میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان آنے کے بعد ناکام واپس لوٹنے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی کہانی کے بعد اب تیونس سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ لڑکی سندہ ایاری کی کراچی میں محبت کی ایک اور افسوسناک داستان سامنے آ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سندہ ایاری تیونس کے دارالحکومت کی رہائشی ہے جس نے حال ہی میں کراچی کے ویمن تھانے میں پہنچ کر مدد طلب کی، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی سوشل میڈیا پر کراچی کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری سے تعلق رکھنے والے محمد عامر سے دوستی ہوئی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ محبت میں بدل گئی اور اسی محبت کو حقیقت میں کا روپ دینے کے لیے اس نے 28 نومبر 2024ء کو پاکستان کا ویزہ حاصل کیا اور کراچی پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایئرپورٹ پر عامر اور اس کے اہل خانہ نے خاتون کا استقبال کیا اور اگلے ہی دن ایک مختصر تقریب میں دونوں کا نکاح کر دیا گیا، ان کا نکاح 6 مارچ کو یونین کونسل بغدادی لیاری میں رجسٹرڈ ہوا، شروع کے دنوں میں شادی خوشگوار رہی تاہم کچھ ہی عرصے بعد ان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی اور معمولی جھگڑے بڑھتے ہوئے سنگین ہوئے تو عامر نے سے طلاق دے کر رشتہ ختم کردیا۔

بتایا جارہا ہے کہ متاثرہ خاتون سندہ اب اپنے وطن واپس جانے کی خواہشمند ہے لیکن اس کا پاکستان کا ویزہ 18 فروری کو ختم ہو گیا تھا ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ تیونس واپس نہیں جا سکتی، ویزہ کی تجدید کے اخراجات 400 امریکی ڈالر اور ہوائی ٹکٹ کی قیمت تقریباً سوا 2 لاکھ روپے ہے جو اس کے لیے ناقابل برداشت ہیں، لڑکی کی جانب سے عامر کے خلاف کسی بدسلوکی کی شکایت نہیں کی گئی تاہم پولیس نے عامر کو تھانے طلب کیا تو اس نے طلاق دینے کی تصدیق کی اور چلا گیا جس کے بعد اس نے موبائل فون بند کردیا، پولیس نے اسے خاتون کو عارضی پناہ دے دی ہے۔