Live Updates

غزہ، دو شیر خوار بچے غذائی قلت اور دودھ کی کمی کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے

خوراک اور ادویات کی قلت سے مرنے والوں کی تعداد 244 ہو گئی، خیمے پر اسرائیلی بمباری سے دو جاں بحق

ہفتہ 28 جون 2025 11:51

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)غزہ کی پٹی میں جاری ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگ کے درمیان غذائی قلت اور شیرخوار فارمولے کی کمی کے باعث دو شیر خوار بچے موت کا شکار ہوگئے۔ طبی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی میں خوراک اور ادویات کی قلت سے مرنے والوں کی تعداد 244 ہو گئی ہے۔ اسرائیلی طیاروں کی جانب سے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں واقع المواصی میں بے گھر افراد کے ٹینٹ ہاس پر بمباری سے دو شہری جاں بحق اور دیگر زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ اور التفاح محلوں پر بھی گولہ باری کی۔ اسرائیلی فوج نے علاقے میں گھروں اور عمارتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مسماری کی کارروائیاں بھی کی ہیں۔ غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیا کے مشرق میں بوبی ٹریپڈ روبوٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دریں اثنا اسرائیلی ڈرون نے خان یونس کے مشرق میں واقع قصبے بنی سہیلہ میں شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی فوج نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں میں 70 فلسطینیوں کو قتل کردیا۔ مرنے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات