چوہدری عدنان قتل کیس، ن لیگی چوہدری تنویر کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

عدالت کا چوہدری تنویر خان کو دس، دس لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم، وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جج ماجد حسین گادی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 28 جون 2025 12:26

چوہدری عدنان قتل کیس، ن لیگی چوہدری تنویر کی ضمانت منظور، رہا کرنے ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون 2025)راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چوہدری عدنان کے قتل کیس میں نامزد مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر چوہدری تنویر کی ضمانت منظور کر لی،عدالت کا چوہدری تنویر خان کو دس، دس لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم،وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جج ماجد حسین گادی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے سابق سینیٹر کی ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنایا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دئیے کہ ملزم کے خلاف ریکارڈ میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں اور بغیر شواہد کسی شخص کو طویل عرصے تک گرفتار نہیں رکھا جا سکتا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ ملزم مقدمے کی پیروی کرے اور عدالت کی طلبی پر پیش ہوگا۔وکیل صفائی چوہدری یاسر کا کہنا تھا کہ چوہدری تنویر نے اس مقدمے میں اپنی بے گناہی ثابت کر دی ہے اور قتل سازش سے متعلق کوئی شواہد عدالت میں پیش نہیں کئے جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کایہ بھی کہنا تھا کہ تمام ضمانتی مچلکے تھوڑی دیر میں عدالت میں جمع کرا دئیے جائیں گے۔عدالت سے ضمانت کی منظوری اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو روبکار موصول ہونے کے بعد سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان کو رہا کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ن لیگی رہنماء چوہدری تنویر خان نے چند روز قبل ہائیکورٹ راولپنڈی میں خود کو سرنڈر کیا تھا جس کے بعد جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

بعدازاں اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی (آر آئی سی) منتقل کیا گیا تھا۔چوہدری تنویر پر الزام تھا کہ انہوں نے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان کے قتل کی سازش اور منصوبہ بندی میں کردار ادا کیاتھا۔چوہدری تنویرپرسابق پارلیمانی سیکرٹری ریونیو چوہدری عدنان کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہے  جس کامقدمہ گزشتہ سال بارہ فروری کو تھانہ سول لائنز میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں چوہدری تنویر کے علاوہ اسامہ چوہدری، دانیال چوہدری اور چوہدری چنگیز بھی نامزد ہیں۔چوہدری عدنان کو 12 فروری کی شام پولیس لائنز گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔