روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے 100 ملین ڈالر کی قیمت مقرر کرنے کی تردید

ابھی تک ہوٹل کی نجکاری کیلئے کوئی بنیادی قیمت طے نہیں ہوئی، نجکاری کمیشن کی وضاحت

ہفتہ 28 جون 2025 16:46

روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے 100 ملین ڈالر کی قیمت مقرر کرنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)نجکاری کمیشن نے 27جون 2025 کو میڈیا میں شائع ہونیوالی ایک گمراہ کن خبر کی سختی سے تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی فروخت کیلئے 100ملین ڈالر کی بنیادی قیمت مقرر کی ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق وزارت نجکاری، نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی کہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے ابھی تک کوئی بنیادی قیمت طے نہیں کی گئی کیونکہ قیمت صرف بولی کے وقت مقرر کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

گمراہ کن میڈیا رپورٹ میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کا غلط حوالہ دیا گیا ہے، جنہوں نے رواں مالی سال کے دوران متوقع معاہدے پر دستخط کرنے پر کامیاب فریق کی جانب سے کی جانے والی تخمینہ کی بنیاد پر ابتدائی جزوی ادائیگی کا حوالہ دیا تھا۔نجکاری کمیشن نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے حاصل ہونے والی قیمت کا تعین کل آمدنی کی بنیاد، لین دین کے ڈھانچے اور حکومت کی طرف سے منظور شدہ معاہدے کی حتمی شرائط پر مبنی ہوگا۔توقع ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے آئندہ اجلاس میں لین دین کے ڈھانچے کو حتمی شکل دی جائے گی۔