اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل تہاڑ جیل سے شبیراحمد شاہ کی رہائی میں مدد کریں، خان عبدالقیوم خان

ہفتہ 28 جون 2025 23:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں جمعیت علمائے جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری خان عبدالقیوم خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی تہاڑ جیل میں نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی رہائی میں مدد کریں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خان عبدالقیوم خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک خط میں ان کی توجہ شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت کی طرف مبذول کرائی جو جولائی 2017سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ بین الاقوامی سطح پر ایک معروف شخصیت ہیں جو جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ نے اپنے سیاسی نظریے اور پرامن سرگرمیوں کی وجہ سے زندگی کے 38سال بھارتی جیلوں میں گزارے ہیں۔قیوم خان نے کہا کہ شبیر شاہ کو پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے، ڈاکٹروں نے انہیں ایک سے زیادہ سرجریزکا مشورہ دیا ہے اورانہیں طبی نگہداشت کی سخت ضرورت ہے جو جیل میں ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں جون 2025کے دوسرے ہفتے میں نئی دہلی کے ایک اسپتال میں مختصر مدت کے لئے داخل کیا گیا تھا لیکن ان کا علاج ان کی رضامند کے بغیر اور ان کے اہل خانہ کو مطلع کیے بغیر کیا جا رہا ہے جو بنیادی انسانی حقوق اور طبی اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان سنگین حالات میں بھی بھارتی عدلیہ نے انہیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو ان کے ساتھ رہنے سے روک دیا گیا ہے۔خان عبدالقیوم خان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ شبیر احمد شاہ کو مناسب طبی امداد فراہم کی جائے۔انہوں نے انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر شبیر شاہ کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں مناسب علاج تک رسائی حاصل کر سکیں۔