کراچی آکر شادی کرنے والی تیونس کی لڑکی طلاق کے بعد سفارتخانے کے سپرد

اتوار 29 جون 2025 15:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)سوشل میڈیا پر تعلق قائم ہونے کے بعد کراچی آکر لیاری کے نوجوان سے شادی کرنے والی تیونس کی 19 سالہ سندا ایاری کو سفارتخانے کے حوالے کر دیا گیا۔تیونس کی رہائشی سندا ایاری کی کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، جو بعد ازاں محبت میں تبدیل ہو گئی۔دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے سندا نے پاکستانی ویزا حاصل کیا اور 28 نومبر 2024 کو کراچی پہنچی۔

شادی کے ابتدائی چند ماہ تک دونوں کے تعلقات خوشگوار رہے تاہم بعد ازاں معمولی باتوں پر تلخیاں شروع ہوئیں، میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے بعد عامر نے شادی کے سات ماہ بعد اسے طلاق دے دی اور ایک ریسٹورنٹ پر چھوڑ کر چلا گیا۔طلاق کے بعد سندا کا پاکستان میں قیام مشکل ہو گیا کیونکہ اس کا 90 روزہ ویزا 18 فروری کو ختم ہو چکا تھا، وطن واپسی کا کوئی راستہ نہ ہونے کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی اور لیاری میں خودکشی کی کوشش بھی کی،بے یار و مددگار سندا ایاری کو ویمن پولیس لیاقت آباد نے کارروائی کرتے ہوئے تیونس کے سفارتخانے کے حوالے کیا، جس کے بعد اسے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق، سندا نے کسی قسم کے تشدد یا زیادتی کی کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی۔حکام کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کی ہدایت پر سندا کو سفارتی عملے کے حوالے کیا گیا اور تیونس کے سفارتخانے کی معاونت سے اسے کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے اس کی وطن واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔