وزیراعظم کی چوہدری نثار سے ملاقات، مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت، سابق وزیر نے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا

آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول گئے ہیں، وزیراعظم …… نہیں نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی، چوہدری نثار ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ،ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو ، دونوں رہنماؤں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں، اعلامیہ وزیراعظم آفس

اتوار 29 جون 2025 19:30

اسلام آباد /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی جس میں انہیں مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت دے دی۔ذرائع کے مطابق اتوار کووزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچے تھے، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر غور کیا۔

دوران گفتگو وزیر اعظم شہباز شریف نے چوہدری نثار کی خیریت دریافت کی اور مسکراتے ہوئے کہا آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول گئے ہیں جس پر سابق وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ نہیں نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی وزیر اعظم نے دعائے صحت دیتے ہوئے کہا کہ اللہ آپ کو جلد صحت عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے شہباز شریف کی دعوت پر فوری طور پر کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ صحت یابی اور قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

چوہدری نثار نے وزیر اعظم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور ملاقات خوشگوار اور پٴْرخلوص ماحول میں ہوئی۔دریں اثناء وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے چودھری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں.خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چوہدری نثار کی یہ 8 برسوں میں دوسری ملاقات ہے۔

گزشتہ برس بھی دونوں رہنماؤں کی 7 سال بعد ملاقات ہوئی تھی، جو سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بنی تھی۔وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں چوہدری نثار علی خان کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور بہن کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔اس وقت چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا ۔