سینیٹ اقلیتوں، محروم طبقات اور پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کا موثر پلیٹ فارم ہے،سیدیوسف رضاگیلانی

تمام اراکین پارلیمان قومی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہوئے جمہوری اقدار کے فروغ،عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں،چیئرمین سینیٹ کا عالمی یومِ پارلیمنٹرینز کے موقع پر پیغام

اتوار 29 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم پارلیمنٹرینز کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں منتخب عوامی نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو جمہوریت، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی خدمت کیلئے سرگرمِ عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری معاشرے کی اساس اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہوتی ہے،ایک بااختیار، شفاف اور جوابدہ پارلیمان نہ صرف قوموں کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی ضامن بنتی ہے بلکہ آئینی اصولوں اور جمہوری روایات کے فروغ کا بھی ذریعہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا، وفاق کی علامت ہونے کے ناطے، وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور متوازن ترقی کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سینیٹ اقلیتوں، محروم طبقات اور پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کا موثر پلیٹ فارم ہے، جو جمہوری اقدار کے استحکام اور پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے کوشاں ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان بین الپارلیمانی یونین(آئی پی یو)جیسے عالمی اداروں کے ذریعے عالمی سطح پر قیام امن، بین الاقوامی تعاون، اور جمہوری استحکام کیلئے اپنی مثر موجودگی اور کردار کو تسلیم کروا چکا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ جمہوریت کی کامیابی صرف قانون سازی سے مشروط نہیں، بلکہ عوامی اعتماد، اچھی حکمرانی، شفافیت اور عوامی نمائندوں کی اخلاقی و آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی بھی اسی قدر اہم ہے۔چیئرمین سینیٹ نے تمام اراکین پارلیمان سے اپیل کی کہ وہ قومی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہوئے آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے فروغ، اور عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔