پاکستان کا ڈیفالٹ رسک کی فہرست میں نیچے آنا وزیراعظم کے کامیاب معاشی اقدامات کی گواہی ہے، مریم اورنگزیب

اتوار 29 جون 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک کی فہرست میں نیچے آنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کامیاب معاشی اقدامات کی گواہی ہے۔اتوار کے روزجاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے قومی معیشت کی بہتری پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دنیا میں سب سے زیادہ بہتر ہونے والی معیشت بننے کی خبر پرقوم کو مبارک ہو، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنی مدبرانہ سوچ اور مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور دنیا میں سب سے تیزی سے بہتر ہونے والی معیشتوں میں شامل کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی باصلاحیت ٹیم نے دن رات محنت کر کے ڈیفالٹ کے کنارے ملنے والے ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ پاکستان کو اس کے خطرات سے بھی دور لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک کی فہرست میں 59 سے کم ہو کر 47 پر آنا وزیراعظم محمد شہباز شریف کے کامیاب معاشی اقدامات کی گواہی ہے، پاکستان آج وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے،دنیا پاکستانی معیشت کے استحکام کی معترف ہے، دنیا کی معروف بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وفاق میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی 38فیصد سے سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے ، پالیسی ریٹ 22 سے 11 فیصد پر پہلے ہی آ چکا ہے، ریکارڈ ترسیلات زر اور سٹاک ایکسچینج کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہونا معاشی کامیابیوں کی دلیل ہے۔