ایک بااختیار پارلیمان ہی قومی مسائل کا دیرپا حل فراہم کر سکتی ہے، شیری رحمان

قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پارلیمان کو ذاتی یا جماعتی مفادات سے بالاتر ہونا ہوگا ، نائب صدر پیپلز پارٹی

پیر 30 جون 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ ایک بااختیار پارلیمان ہی قومی مسائل کا دیرپا حل فراہم کر سکتی ہے۔ پارلیمنٹرینز کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں شیری رحمن نے کہاکہ جمہوریت صرف ووٹ تک محدود نہیں بلکہ عوامی خدمت اور شفاف طرزِ حکمرانی کا نام ہے ۔ سابق وزیر نے کہاکہ پارلیمان کو مضبوط بنانا دراصل عوام کے حقوق اور آواز کو طاقت دینا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ایک بااختیار پارلیمان ہی قومی مسائل کا دیرپا حل فراہم کر سکتی ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ سینیٹ کا کردار وفاقی وحدت کو جوڑنے والا پل ہے جو تمام اکائیوں کو یکساں نمائندگی دیتا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ اقلیتوں اور محروم طبقات کی آواز بننا جمہوری اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیرنے کہاکہ شفافیت، احتساب اور عوامی شمولیت کے بغیر جمہوریت صرف ایک نعرہ بن کر رہ جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی برادری میں جمہوری روایات کو فروغ دینے کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پارلیمان کو ذاتی یا جماعتی مفادات سے بالاتر ہونا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان کا اصل حسن مختلف رائے کا احترام اور مذاکرات کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔