کچھ ملی میٹر بارش نے سندھ حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی، اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم

پیر 30 جون 2025 19:05

Cکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء)اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ کچھ ملی میٹر کی بارش نے سندھ حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی، کراچی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب، گلیاں ندی نالے بن گئیں، حکومت غائب اور عوام بے حال ہیں،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت، جعلی میئر اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی چیئرمینز سب ناکام ہیں، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی ایک دوسرے پر الزام تراشی جبکہ عوام بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔

(جاری ہے)

ایک مشترکہ بیان میں اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم نے کہا کہ تھوڑی سی بارش نے ’شہرِ قائد‘ کو مفلوج کر دیا اور حزب معمول انتظامیہ خوابِ خرگوش میں سورہی ہے، جماعت اسلامی نے بلدیہ سنبھالنے کے بعد صرف پریس کانفرنسیں کیں، میدان میں انکی کارکردگی صفر ہے،نالوں کی صفائی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر کی بہتری کے سب دعوے صرف کاغذی ہیں۔ اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی دہائیوں کی حکومت کے بعد بھی تباہ حال کراچی بارش و سیوریج کے پانی میں غرق ہے،عوام سوال کر رہے ہیں کہ 18ویں ترمیم کے بعد حاصل اختیارات و وسائل کا کیا فائدہ ہوا۔