Live Updates

بنوں میں جھڑپ میں 2 دہشتگرد ہلاک، لکی مروت میں حملے میں 2 ٹریفک اہلکار شہید

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حسین احمد اور انعام عرف تورو کے طور پر ہوئی ہے، جو شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل کے رہائشی تھے

منگل 1 جولائی 2025 17:01

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ لکی مروت میں مسلح افراد کے حملے میں ڈیوٹی پر جانے والے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان کے بیان کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی نے تحصیل دومیل میں مجرموں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے 20 منٹ سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جب کہ ان کے ساتھی اندھیرے اور قریبی جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حسین احمد اور انعام عرف تورو کے طور پر ہوئی ہے، جو شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل کے رہائشی تھے۔

(جاری ہے)

پولیس افسر کے مطابق یہ دونوں دہشت گرد کئی بڑے حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے دو اے کی47 رائفلیں، 4 ہینڈ گرینیڈ، 6 میگزین، 150 گولیاں اور 2 موبائل فونز برآمد کیے۔دہشت گرد انعام متعدد واقعات میں پولیس اہلکاروں پر حملے اور قتل کے 5 مقدمات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کو مطلوب تھا، جب کہ حسین احمد دہشت گردی کے 3 مختلف واقعات میں مطلوب تھا۔دریں اثنا لکی مروت میں لونگ خیل سڑک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ اہلکار تاجہ زئی اڈہ جا رہے تھے کہ گل باز دہقان گاؤں کے قریب لونکھیل روڈ پر ان پر حملہ ہوا۔شہید اہلکاروں میں اسرائیل اور ثنا اللہ شامل ہیں، دونوں کا تعلق لونکھیل کے علاقے سے تھا،فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) محمد جواد اسحاق کے مطابق حملہ آور چار افراد تھے جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، انہوں نے حملے کے بعد شہید اہلکاروں کا اسلحہ بھی چھین لیا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ٹریفک پولیس اہلکار حملے کے وقت سادہ لباس میں تھے، گزشتہ ہفتے بھی لکی مروت میں دہشت گردوں نے شاہاب خیل امن کمیٹی کے سربراہ اور ان کے 2 ساتھیوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔جون میں پولیس نے ضلع میں کرم اور گمبیلہ دریا کے ساتھ واقع جنگلات میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کیے تھے۔اسی ماہ کے آغاز میں، کوٹ کشمیر کے علاقے میں پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے ساتھ جھڑپ میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات