Live Updates

1947ء کی تحریک ختم نبوت سب سے منظم وپرامن تحریک تھی، شکیل قاسمی

منگل 1 جولائی 2025 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ تحریک ختم نبوت 1974ء، پاکستان کی سب سے منظم، پرامن اور متحد دینی تحریک تھی، جس نے قانون سازی کے ذریعے پاکستان کو اس کے اسلامی تشخص سے جوڑ دیا۔ آئندہ بھی اگر عقائداسلامی پر کوئی حملہ ہوا تو پوری قوم اسی طرح متحد ہو کر جواب دے گی۔

انہوں نے کہاکہ عقیدہء ختم نبوت اسلام کی اساس اور ملتِ اسلامیہ کے ایمان کا مرکز ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔30 جون 1974ء کو پیش کی جانے والی قرارداد، جس کے ذریعے منکرین ختم نبوت کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا آغاز ہوا، پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی بنیاد ہے۔ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا کہ حضرت امام شاہ احمد نورانیؒ کی جرات مندانہ قیادت، ملی بصیرت اور آئینی جدوجہد کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نہ صرف پارلیمنٹ کے اندر موثر آواز بلند کی بلکہ ملک گیر سطح پر تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ایک عظیم الشان تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 30 جون کو ''یومِ قرارداد ختم نبوت'' کے طور پر سرکاری سطح پر منایا جائے تاکہ نئی نسل کو اس تاریخی جدوجہد سے روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ناموس رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کا آئینی اور پرامن طریقے سے مقابلہ کیا جائے گا۔

ملک محمد شکیل قاسمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئینِ پاکستان کی اسلامی دفعات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے اور 295-C جیسے قوانین کے تحفظ کو ہر سطح پر مقدم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان ہمیشہ کی طرح آج بھی ناموسِ رسالت ﷺ اور عقیدہء ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ہر میدان میں صفِ اول میں موجود ہے۔واضح رہے پاکستان کی نظریاتی، دینی اور پارلیمانی تاریخ میں 30 جون کا دن ایک عظیم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس سلسلے میں جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما ملک محمد شکیل قاسمی کا کہناتھا کہ''30 جون 1974ء تاریخ کا وہ دن ہے جب قائدِ ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقیؒ نے قومی اسمبلی میں فتنہ انکار ختم نبوت کے خلاف قرارداد پیش کر کے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ اس قرارداد نے پوری قوم کو یکجا کر دیا۔ تمام مکاتبِ فکر، دینی جماعتیں، وکلاء، طلبہ، تاجر اور عوام الناس ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو گئے۔

جلسے، جلوس، مشاورتی اجلاس اور روزانہ کی بنیاد پر قومی اسمبلی میں ہونے والی عدالتی کارروائیاں اس تحریک کا جزو تھیں۔ملک شکیل قاسمی نے امام شاہ احمد نورانیؒ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نہ صرف علمی و روحانی محاذ پر رہنمائی فرمائی بلکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ختم نبوت کے تحفظ کے لیے بے مثال قیادت کا مظاہرہ کیا۔

آپ کی جدوجہد کے نتیجے میں 7 ستمبر 1974ء کو متفقہ طور پر یہ تاریخی فیصلہ سامنے آیا کہ منکرین ختم نبوت دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 30 جون کو سرکاری سطح پر ''یوم قرارداد ختم نبوت'' کے طور پر منانے کا اعلان کیا جائے تاکہ نئی نسل اس عظیم جدوجہد سے واقف ہو اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے امام شاہ احمد نورانیؒ اور دیگر اکابرین کی قربانیوں کو یاد رکھے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات