پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیںمسلسل اضافہ ظلم ہے ۔مہنگائی کا طوفان آجائے گا : پیاف

منگل 1 جولائی 2025 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) فہیم الرحمان سہگل نے سیئنر وائس چیئرمین نصراللہ مغل اوروائس چیئرمین پیاف طاہر منظور چودھری کے ہمراہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور معاشی مسائل سے دوچار عوام پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میںیکمشت 10.39روپے تک بڑھانا ظلم اورسراسر زیادتی ہے ،جس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ آنے والے دنوں میںمہنگائی کس نہج پر پہنچ سکتی ہے۔

قیمتوں میںاضافہ سے ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے اور پٹرول کی نئی قیمت267 روپے 95 پیسے ہو گئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود قیمتیں بڑھانا زیادتی ہے ضروریات زندگی کی ہر اشیاء بشمول ٹرانسپورٹ کا کرایہ بڑھ جائے گا جس سے صنعتی اشیاء کی ترسیل مہنگی ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

ایک دن پہلے حکومت نے گیس کی قیمتوں اور گیس کے ماہانہ فکس چارجز کو300 فیصد تک بڑھا دیا ہے جس سے رواں ماہ یوٹیلیٹی بلز بھی30% زیادہ آئیں گے جو کہ صنعت و تجارت سے وابستہ ٹریڈرز اور عام لوگوں پر بہت بڑا ظلم ہوگا۔

پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے تاجر و صنعتکار کی پیداواری لاگت میں مزید اضافہ مہنگائی میں اضافہ کا باعث بنے گا جس کی وجہ سے پاکستان عالمی منڈی میں دوسرے ممالک کا مقابلہ نہیں کرپا رہا جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو مالی نقصان کے ساتھ ساتھ حکومت کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔فہیم الرحمان سہگل نے کہا حکومت پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی بجائے غیر پیداواری اخراجات میں کمی لائی جائے تاکہ پیداواری لاگت اور مہنگائی کم ہو سکے۔ پیاف عہدیدران نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فورا واپس لے اور اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے ورنہ انڈسٹری کی ان پٹ کاسٹ میں اضافہ ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ عام آدمی کا جینا بھی دوبھر ہوجائے گا۔