جون میں دہشتگردی کے 78واقعات ،53جوانوں سمیت 94افراد شہید ہوئے

جنوری تا جون دہشتگردی کے 502حملے میں 737لوگوں جاں بحق ہوئے ‘ رپورٹ

منگل 1 جولائی 2025 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)پاکستان میں جون میں دہشتگردی کے 78حملے ہوئے جن میں سکیورٹی فورسز کے 53جوانوں سمیت 94افراد شہید ہوئے۔نجی تھینک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیوڑٹی اسٹڈیز نے ماہانہ سکیورٹی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں ملک میں دہشت گردی کے 78حملے ہوئے جن میں 94افراد لقمہ اجل بنے۔

رپورٹ کے مطابق جون میں دہشتگردی کے حملوں میں سکیورٹی فورسز کے 53جوان، 39شہری جبکہ امن کمیٹی کے 2ارکان شہید ہوئے جبکہ ان حملوں میں 189افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 126اہلکار اور 26شہری شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق جون میں دہشتگردی کے واقعات میں 6 عسکریت پسند بھی مارے گئے۔رپورٹ کے مطابق جون میں دہشتگردی کے جواب میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی لائی، ریاست کی جانب سے کیے گئے آپریشنز میں 71شدت پسند مارے گئے جبکہ 2سکیورٹی اہلکار اور 2شہری بھی جان کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

ان کارروائیوں میں 10شدت پسند اور 5شہری زخمی ہوئے جبکہ 52مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں اکثریت کا تعلق خیبر پختونخوا ہ کے مرکزی علاقوں سے تھا۔جون کے مہینے میں شدت پسندانہ حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث مجموعی جانی نقصان 175اموات تک جا پہنچا جن میں 55سکیورٹی اہلکار، 77شدت پسند، 41شہری اور 2 امن کمیٹی کے ارکان شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے انسداد دہشتگری آپریشنز میں 71دہشتگرد ہلاک ہوئے، رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون پاکستان میں دہشتگردی کے 502حملے ہوئے جن میں 737لوگوں جاں بحق ہوئے جن میں سکیورٹی فورسز کے 284جوان جبکہ 273شہری شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون کے دوران انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں 688دہشت گرد مارے گئے۔