Live Updates

اسلام آباد کے 532 سکولوں میں فائبر آپٹک اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا،وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ

منگل 1 جولائی 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بچوں اور نوجوان نسل کو ابتدا سے ہی کمپیوٹر، اے آئی اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیرِاعظم کی ہدایت پر وزارتِ آئی ٹی کے بجٹ سے اسلام آباد کے 532 سکولوں میں فائبر آپٹک اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا ، 100 سے زائد ماڈل سکولز و کالجز میں سمارٹ لیبز، سمارٹ کلاس رومز اور سمارٹ سکرینز قائم کر دی گئی ہیں ۔

منگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی تعلیم اب وقت کی ضرورت ہے، ہر بچے کو بہتر سے بہتر تعلیم دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بچوں اور نوجوان نسل کو ابتدا سے ہی کمپیوٹر، اے آئی اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا 'ڈیجیٹل نیشن پاکستان' وژن باصلاحیت انسانی وسائل ریسورس پر مبنی ہے ، وزیراعظم نے آئی ٹی نصاب سے متعلق ہائی لیول کمیٹی تشکیل دی ، کمیٹی نے سکولز اور کالجز کے گریجویٹ طلبہ کی ملازمت کیلئے اہلیت پر خصوصی زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر وزارتِ آئی ٹی کے بجٹ سےاسلام آباد کے 532 سکولوں میں فائبر آپٹک اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا ، نصاب چونکہ صوبائی معاملہ ہے ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، وزارتِ تعلیم اور نیشنل کریکولم کونسل مشترکہ طور پر نصاب پر کام کر رہے ہیں ، وفاقی تعلیمی اداروں کے لئے 6ویں سے 12ویں جماعت تک اے آئی اور آئی ٹی نصاب کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ 100 سے زائد ماڈل سکولز و کالجز میں سمارٹ لیبز، سمارٹ کلاس رومز اور سمارٹ سکرینز قائم کر دی گئی ہیں ۔ایڈٹیک یا ہائبرڈ ماڈل کے ذریعے ہر سکول، دور دراز علاقوں میں جدید تعلیم پہنچائیں گے ،انشاءاللہ اس سال سے ہر بچہ وفاقی علاقے میں اے آئی کے نصاب کے تحت تعلیم حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 1000 سے زائد اساتذہ کو اے آئی میں بنیادی تربیت دی جا چکی ہے ،گرمیوں کی تعطیلات میں اساتذہ کی اے آئی ٹریننگ مزید مؤثر اور جامع بنائی جائے گی ، ایڈٹیک اسٹارٹ اپس والے نجی شعبے کے نوجوانوں کو بھی نظام میں شامل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل اے آئی پالیسی کے تحت 10 ہزار اے آئی ٹرینرز تیار کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، وزیراعظم کے دورہ چین میں ہواوے کے ساتھ 3 لاکھ بچوں کی تربیت کا معاہدہ ہوا ، اس معاہدہ کے تحت 200 سے زائد طلبہ کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، رواں سال ٹارگٹ مکمل ہو گا ، گوگل اور مائیکروسافٹ کی سرٹیفیکیشنز بھی کرائی جائیں گی ، وزیراعظم نے وزارت آئی ٹی کا ہدف تبدیل کر دیا ، پہلے ٹریننگ کی تعداد اہم تھی، اب روزگار اور عملی اثرات کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات