وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اور ملائیشیا کے سفیرکے درمیان ملاقات، ثقافتی روابط میں اضافہ پرا تفاق

منگل 1 جولائی 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) پاکستان اور ملائیشیا نے ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے اہم سفارتی اقدامات کے تحت فن، ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کا عہد کیا ہے۔منگل کو یہاں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی اور ملائیشیا کے سفیر محمد سیافک فردوس حسب اللہ کے درمیان ملاقات کے دوران اس امر کا اعادہ کیا گیا۔

سفیر حسب اللہ نے اپنے متنوع ثقافتی ورثہ کے تحفظ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور باہمی عوامی تعلقات کے استحکام میں پاکستان کے جاری کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملائیشیا کی ثقافتی سفارت کاری میں اضافہ اور فنکارانہ تبادلوں کے ذریعہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کھچی نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشترکہ ثقافتی تقریبات، نمائشوں اور ورثہ میں تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ملائیشیا کے دورہ کے لئے سفیر کی باضابطہ دعوت کا خیرمقدم کیا اور مشترکہ اقدار اور روایات کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کے دو طرفہ تعاملات کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو قدیم گندھارا تہذیب کے تحفظ اور فروغ کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں تبادلہ بھی خیال کیا گیا جو ڈیجیٹل جدت کے ذریعہ ثقافتی ورثہ کے تحفظ میں تبدیلی کا ایک اہم قدم ہے۔

فریقین نے مشترکہ ثقافتی پرفارمنس کے لئے بھی دلچسپی کا اظہار کیا جس سے عوام کو پاکستان کی متنوع روایات کے ساتھ ملائیشیا کی ثقافت کے بھرپور تجربہ کا موقع ملے گا۔ پنجاب کی منفرد ثقافتی شناخت کو سراہتے ہوئے اورنگزیب کھچی نے ملائیشیا کے سفیر کو خطے کے تاریخی مقامات کی سیر کی دعوت بھی دی۔ ملاقات کا اختتام فریقین کی جانب سے فنون، ورثہ اور تخلیقی اظہار میں مسلسل تعاون کو یقینی بناتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی رابطوں کو مضبوط کرنے کے عزم کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔