وفاقی حکومت کا ملک میں 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ

تین ماہ بعد فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہوگا،شہری سکین کر کے دوا کے اصل ہونے، ایکسپائری معیاد سمیت اہم معلومات حاصل کرسکیں گے، مصطفی کمال

منگل 1 جولائی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)وفاقی حکومت نے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ تین ماہ بعد فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہوگا، بار کوڈ موبائل سے سکین کر کے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی معیاد سمیت اہم معلومات ہر شہری اپنے موبائل فون پر چیک کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے، انڈسٹری نے فروخت شدہ دوائوں پر بار کوڈ لگانے کیلئے تین ماہ کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کیسز آنے کے بعد پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ابتدائی طور پر کراچی، پشاور، لاہور اور جنوبی خیبر پختونخوا میں 15سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی قومی ہیلتھ پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لا رہے ہیں، وزیراعظم جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے، ڈریپ کو ڈیجیٹلائزیشن کر رہے ہیں اور ایک ہفتے بعد وزیر اعظم اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی صحت کے پیش نظر مشروبات پر 50فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت نے اسے تسلیم نہیں کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نرسنگ کونسل کے سارے قانون کو تبدیل کر رہے ہیں، ملک میں 9لاکھ اور دنیا بھر میں 25لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے جسے پورے کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک منٹ میں ایک شخص ہارٹ اٹیک کے سبب موت کا شکار ہو رہا ہے۔