میرواعظ عمر فاروق کا سیاسی و سماجی شخصیت غلام محمد بیگ کے انتقال پراظہار تعزیت

منگل 1 جولائی 2025 22:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق نے نوا کدل سرینگر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج غلام محمد بیگ المعروف مام بیگ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ چند ہفتے قبل میں خود ان کی مزاج پرسی اور عیادت کے لئے گیا تھا۔

(جاری ہے)

وہ شہید ملت کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے تھے اور ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور میرے ساتھ بھی ان کی یہی محبت اور وفاداری قائم رہی۔ وہ اپنے نظریات پر مضبوطی سے قائم رہنے والے اور شہر خاص سرینگر کی ایک باوقار و معتبر آواز تھے۔ ان کا انتقال میرے لیے ذاتی نقصان ہے اور کشمیری سماج کے لیے ایک بڑا خلا ء ہے۔میرواعظ نے مام بیگ مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں علاقے بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے صاحبزادوں محمدا شرف بیگ اور معراج الدین بیگ اور دیگر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔