بھارت پاکستان کے خلاف پہلگام حملے کے الزام پر'' کواڈ'' کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام

بدھ 2 جولائی 2025 16:24

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ''کواڈ الائنس'' نے جس میں امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت شامل ہیں، پہلگام حملے کے لیے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کے بھارتی بیانیے کی توثیق کرنے سے انکار کردیا ہے جو نئی دہلی کے لیے ایک اور سفارتی دھچکاہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گروپ نے کسی ملک کا نام لئے بغیریا کسی پرالزام لگائے بغیر واقعے کی صرف مذمت کی اور زور دیا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ، جس سے پاکستان کے خلاف اپنے بیانیے کو بین الاقوامی سطح پرفروغ دینے کی بھارت کی کوششوں کو دھچکا لگا۔

22 اپریل کو ہونے والے حملے کے بعدجوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں پرانی دشمنی میں نئی شدت دیکھنے میں آئی۔ کیونکہ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر لگایاتھااوربلاجواز اس پر حملہ کیاتھا۔ الائنس میں شامل ممالک کے وزرا ء نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اس قابل مذمت کارروائی میں ملوث افراد، سرپرستوں اور مالی معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میںلانے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔