وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق کا مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری مظفرآباد کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا

بدھ 2 جولائی 2025 16:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری مظفرآباد کا رات گئے اچانک دورہ کیا ہے ، انہوں نے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کے ہمراہ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار اجمد نور، وزرائے حکومت سید بازل نقوی ، چوہدری اظہر صادق اور نثار انصر ابدالی بھی تھے، وزیراعظم آزادکشمیر نے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے انتظامات چیککئے، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو پولیس حکام نے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے متولی مرکزی امام بارگاہ سید لیاقت نقوی کے ہمراہ سکیورٹی کنٹرول روم کا جائزہ لیتے ہوئے متولی مرکزی امام بارگاہ اور پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا، وزیراعظم آزادکشمیر نے بعد ازاں امام بارگاہ پیر کرم علی شاہ بیلا نور شاہ اور امام بارگاہ ڈھیریاں سیداں کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے پولیس کو محرم الحرام کے جلوسوں کے قدیمی راستوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے پولیس کو امان و امان کی مجموعی صورتحال کو بھی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔