ب*پاکستان کا چار رکنی اسکواڈ IBSF ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لے گا

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

۶لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) پاکستان کا چار رکنی اسنوکر اسکواڈ 13 سے 24 جولائی 2025 تک بحرین کے شہر منامہ میں ہونے والی IBSF ورلڈ انڈر 17، انڈر 21، ماسٹرز اور سکس ریڈ مینز اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرے گا۔اس ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جو عالمی مقابلوں میں اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

اسکواڈ کی قیادت محمد آصف کر رہے ہیں، جو اس سے قبل 2012 میں بلغاریہ، 2019 میں ترکی اور 2022 میں قطر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایشیائی اور قومی سطح پر بھی کئی ٹائٹلز حاصل کرچکے ہیں۔ محمد آصف ماسٹرز اور سکس ریڈ ایونٹس میں حصہ لیں گے اور اپنے تجربے کی بنیاد پر ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کے ساتھ شاہد آفتاب بھی اسکواڈ میں شامل ہیں، جو قومی اسنوکر چیمپئن ہیں اور 2015 میں ایران میں ہونے والی تیسرے ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں برونز میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

شاہد آفتاب اپنی مستقل مزاجی اور صاف پوٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور وہ بھی ماسٹرز اور سکس ریڈ کیٹیگریز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔نوجوان کھلاڑیوں میں احسن رمضان انڈر 21 ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ احسن 2023 میں ایران میں ہونے والی ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ جیت چکے ہیں اور 2021 میں قطر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔

محمد حسنین اختر، جو اسنوکر کی دنیا میں تیزی سے ابھر کر سامنے آئے ہیں، انڈر 17 اور انڈر 21 دونوں ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ 16 سالہ حسنین نے حال ہی میں 2024 میں سعودی عرب میں ہونے والی ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ جیتی ہے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نوید کپاڈیا ٹیم کے ساتھ مینجر اور ریفری کے طور پر جائیں گے۔