’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘منصوبہ عوام کیلئے نعمت،بغیر سفارش قرضے، گھر آباد ہونے لگی: مریم نواز شریف

منصوبے کے تحت جون میں 50 ہزار سے زائد گھروں کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے، جو پنجاب کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے , اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا مقصد صرف مکان دینا نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں آسانی اور سہولت پیدا کرنا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

×لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلاحی اور انقلابی منصوبہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ تیزی سے کامیابی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ منصوبے کے تحت جون میں 50 ہزار سے زائد گھروں کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے، جو پنجاب کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے تحت اب تک 51911 افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 57 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

ان میں سے 5293 مکانوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور یہ گھر اب آباد ہو چکے ہیں، جبکہ 41324 گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ شہری گھر بیٹھے قرضوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انہیں دفاتر کے چکر یا کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ بغیر کسی سیاسی وابستگی یا سفارش کے، قرضے شفاف طریقے سے مستحقین کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکسی بھی سفارش کے بغیر گھر بنانے کے لیے قرضوں کا اجرا پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں قابلِ تقلید مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا مقصد صرف مکان دینا نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں آسانی اور سہولت پیدا کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو قائد محمد نوازشریف کے عوامی خدمت کے ویژن کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہاہم نے صرف وعدے نہیں کیے، بلکہ عوام کے لیے حقیقت میں گھر بنا کر دکھائے۔ لوگ جھوٹے نعرے لگاتے رہے، ہم نے گھر بنا دیے۔گھر حاصل کرنے والے شہریوں نے منصوبے کو ’’نعمت‘‘ قرار دیا ہے اور حکومتی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔