پاکستان میں سکھوں کو ہر طرح کی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں، رمیش سنگھ اروڑہ

پاکستان میں سکھوں کے متعدد مقدس مقامات ہیں، ہم سکھوں کو خوش آمدید کہتے ہیں‘برطانوی گروپ سے گفتگو

جمعرات 3 جولائی 2025 16:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے برطانوی پارلیمنٹ میں اے پی پی جی گروپ فار برٹش سکھس کی 20 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکا کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے متعدد مقدس مقامات ہیں، ہم سکھوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کیلئے ہر طرح کی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔

تقریب میں گیارہ سکھ اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ مختلف جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ و لارڈز نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں دو سو گوردواروں کے نمائندہ یوکے گوردوارہ الائنس کا باقاعدہ قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں برطانیہ کی سیاست میں سکھوں کو سرگرم دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے آئین کے مطابق تمام شہریوں کا یکساں حقوق حاصل ہیں اور مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے 126 سے زائد ممالک اور خصوصاً امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کے سکھ شہریوں کے لیے فری آن لائن ویزا کی سروس بھی مہیا کی ہے ہم نے کرتار پور کھولا اور میں آج بھارت سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ حالیہ جنگ کے سبب کرتار پور جانے والوں کو روکنے کا سلسلہ اب بند کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ سے ستمبر اور نومبر میں بڑے سکھوں کے وفود پاکستان آئیں گے اور ہم انھیں یقین دلاتے ہیں کہ انھیں وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج قرار دیتی ہیں اور وہ ہمیشہ ان کی بہتری اور دیکھ بھال کیلئے سرگرم رہتی ہیں۔اس موقع پر رکن پارلیمنٹ پریت کور گل نے کہا کہ انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کرتار پور کی تقریر سنی تھی ان کا پنجابی بہت خوبصورت ہے اور سکھوں کو جو عزت پاکستان میں ملتی ہے وہ اس کیلئے بہت مشکور ہیں۔