2022 کا تباہ کن سیلاب آج بھی ہماری یادوں میں زندہ ہے ،ڈپٹی کمشنر نصیر آباد

متاثرین کو قطر چیئرٹی کی جانب سے دو کمروں، کچن، بیت الخلا، پانی کی ٹینکیاں اور دیگر بنیادی سہولیات سے مزئین 125 گھر فراہم کئے جا رہے ہیں،منیراحمد خان

جمعرات 3 جولائی 2025 22:09

نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے قطر چیئرٹی کی جانب سے تحصیل لانڈھی میں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کئے گئے 125 تیار گھروں کا افتتاح کرکے متاثرہ خاندانوں کے حوالے کردیئے۔ اس موقع پر قطر چیئرٹی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر امین عبدالرحمان اور پروجیکٹس کوآرڈینیٹر سلمان نذر بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ سال 2022 کا تباہ کن سیلاب آج بھی ہماری یادوں میں زندہ ہے جب لاکھوں لوگ اس کی تباہ کاریوں سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کی عوام نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کا ساتھ دیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ آج تحصیل لانڈھی کے سیلاب متاثرین کو قطر چیئرٹی کی جانب سے دو کمروں، کچن، بیت الخلا، پانی کی ٹینکیاں اور دیگر بنیادی سہولیات سے مزئین 125 گھر فراہم کئے جا رہے ہیں جو بے گھر افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نے قطر چیئرٹی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر امین عبدالرحمان اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ ربن کاٹ کر گھروں کا افتتاح کیا اور متاثرین میں گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ تقریب میں تحصیلدار محبوب علی رند، صداقت بہادر تنیہ، ایس ایچ او غلام سرور لہڑی سمیت دیگر افسران، علاقہ معتبرین اور متاثرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد نے تعمیر شدہ گھروں کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرین کو معیاری رہائش کی فراہمی حکومت اور فلاحی اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

مصیبت کی گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت عمل صالح ہے ضلعی انتظامیہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والی تمام این جی اوز کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بہتر معنوں میں لوگوں کی خدمت کی جاسکے۔اس موقع پر متاثرین نے قطر چیئرٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں چھت فراہم کرکے ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی۔