چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد سے جنوبی افریقا کی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

جمعرات 3 جولائی 2025 23:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقا کی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط کو مزید وسعت دینے،تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر بات چیت کی گئی اور وسیع تر جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ ہوا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔