مون سون بارشیں 5 جولائی سے تیز ہونے کا امکان

پی ڈی ایم اے نے عوام اور اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی

جمعرات 3 جولائی 2025 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) خیبرپختونخوا نے محکمہ موسمیات پشاور کے ریجنل آفس کی پیشگوئی کی روشنی میں ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں 5 جولائی سے 11 جولائی 2025 کے دوران شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کے حامل مون سون ہوائیں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہوا کا سلسلہ بھی متوقع ہے، جس کے باعث بارشوں میں شدت آسکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران متعدد اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور تیز و بارشوں کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ پہاڑی اور ندی نالوں والے علاقوں میں شدید بارشوں سے تیز بہاؤ کے سیلاب آسکتے ہیں، خصوصاً گلیات، مانسہرہ، کوہستان، کولائی پالس، چترال، سوات، دیر، اور شانگلہ میں خطرہ زیادہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان جیسے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

اسی طرح دریائے چترال، سوات، پنجکوڑہ اور کابل میں دریا کا پانی سیلابی صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔ایڈوائزری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جو ایبٹ آباد، بٹگرام، چترال، کوہستان، کرم، مہمند اور شانگلہ جیسے پہاڑی علاقوں میں سڑکوں اور آمدورفت کو متاثر کر سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ تیز ہوائیں اور بجلی کی چمک سے کمزور مکانات، کچے مکان، چھتیں، دیواریں، بجلی کے کھمبے، سولر پینلز اور سڑک کنارے لگے بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، میونسپل عملے اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں، دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں جو 24 گھنٹے فعال ہے۔