عالمی برادری کی خاموشی سے کشمیریوں کو اپنی بقا کا خطرہ لاحق ہے ، حریت کانفرنس

جمعہ 4 جولائی 2025 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں پر عالمی برادری کی خاموشی سے کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر بقا کے خطرے کا سامنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جاری امرناتھ یاترا کی فرقہ وارانہ نوعیت اور بڑی تعداد میں قابض فوجیوں کی تعیناتی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی امرناتھ یاترا کو مقبوضہ علاقے کی آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کے مذہبی اجتماعات بالخصوص نماز عید اور محرم کے جلوسوں پر پابندیاں عائد ہیں جبکہ اسکے برعکس ہندوئوںکو تمام مذہی آزادیاں حاصل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسے ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کے ساتھ واضح مذہبی امتیاز قراردیا۔

حریت ترجمان نے کہا کہ یاترا کی آڑ میں بھارت سے لاکھوں ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کیا جا رہا ہے،تاکہ کشمیری مسلمانوں کو انکے گھروں سے بے دخل کر کے جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کیاجاسکے۔ انہوں نے بھارتی فوسز کے اہلکاروں اور افسروں سمیت غیر کشمیری ہندوئوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراپر بھی تشویش ظاہر کی۔

سول سوسائٹی کے کارکنوں نے بھی بی جے پی حکومت کی دوغلی پالیسی پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں مذہبی مساوات کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ہندوئوں کی تقریبات کے لیے خصوصی طورپراجازت دے رہی ہے ۔ ادھر بھارتی فوج اورپیراملٹری اہلکاروںنے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں آج مسلسل تیسرے دن بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔

بھارتی فورسز نے بدھ کی شب ضلع کے علاقوں کنزل منڈو اور کچل چترو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی۔ قابض فورسز آپریشن کے دوران ڈرونزاورسراغرساں کتوں کا استعمال کر رہی ہے ۔ ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بھارتی فوجیوں نے دو کشمیری نوجوانوں کومجاہد تنظیموںکا کارکن قراردے کر گرفتار کرلیا ہے۔ جنیوا میں کشمیری وفد نے اقوام متحدہ کے ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوامرناتھ یاترا کے سنگین ماحولیاتی اثرات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیاہے۔