وزیراعظم یوتھ پروگرام، اوجی ڈی سی ایل ،نیوٹیک کے درمیان ہزار نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 4 جولائی 2025 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)وزیراعظم یوتھ پروگرام، اوجی ڈی سی ایل اور نیوٹیک کے درمیان 1,000 نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (اوجی ڈی سی ایل) کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی)، اوجی ڈی سی ایل اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

اس سٹریٹجک شراکت داری کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو ہنر مندی، تکنیکی و ووکیشنل تربیت، کھیلوں، ماحولیاتی شعور اور روزگار کے مواقع کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔

(جاری ہے)

دستخط کی تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں، او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر/سی ای او احمد حیات لک اور ان کی ٹیم اور ان کا وفد جبکہ نیوٹیک کی چیئرپرسن گل مینہ بلال احمد اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔

میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) کا مقصد ملک بھر میں نوجوانوں کے لئے مخصوص اقدامات کو فروغ دینا ہے جن میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل تعلیم، روزگار کے مواقع میں اضافہ، اختراعی و کھیلوں کے پروگرام اور گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم) کے تحت ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا شامل ہے۔اس شراکت داری کے تحت پی ایم وائی پی اور نیوٹیک کے پلیٹ فارمز کے ذریعے ہنر پر مبنی تعلیم اور کیریئر کی ترقی کو فروغ دیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل یوتھ حب (ڈی وائی ایچ) کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کئیجائیں گے۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کو ای سپورٹس، ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس پروگرامز اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں مشغول کیا جائے گا۔یونیورسٹی کیمپسز اور دیگر مقامات پر سبز اقدامات کے ذریعے طلبا میں ماحولیاتی ذمہ داری کا جذبہ اجاگر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر ملک بھر سے 15 سے 35 سال کی عمر کے 1,000 نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا جس میں شمولیت، علاقائی تنوع اور میرٹ پر مبنی انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر تینوں اداروں کے سربراہان نے اس اشتراک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی/سی ای او احمد حیات لک نے کہا کہ کمپنی ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا اس کا اہم جز ہے۔ چیئرمین پی ایم وائی پی رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ یہ ایم او یو نوجوانوں کو باوقار مواقع سے جوڑنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو ذاتی ترقی اور قومی ترقی کے لئے ضروری ہنر اور پلیٹ فارم مہیا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ نیوٹیک کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد نے کہا کہ نوجوانوں خاص طور پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو ووکیشنل و ٹیکنیکل ہنر دینا ضروری ہے تاکہ صلاحیت اور مواقع کے درمیان خلا کو پر کیا جا سکے۔یہ معاہدہ تین بڑے اداروں کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے طویل مدتی تعاون کا آغاز ہے۔ پی ایم وائی پی، او جی ڈی سی ایل اور نیوٹیک مل کر ایک ایسے باہنر، متحرک اور ماحول دوست نوجوان طبقے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں جو پاکستان کی پائیدار ترقی اور قومی یکجہتی میں مثبت کردار ادا کرے گا۔