نفرت و انتشار کے بجائے امن، محبت اور رواداری کو فروغ دیاجائے، مفتی ساجد حسین

حکومت محرم کے جلوسوں اور مجالس سمیت محافل محرم کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرے،چیئرمین نورحرم فائونڈیشن

جمعہ 4 جولائی 2025 22:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)نورِ حرم فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور جامعہ باب القرآن گلشن اقبال کے مہتمم مفتی ساجد حسین لغاری نے کہا ہے کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محرم الحرام کی روح کو سمجھیں، نفرت و انتشار کے بجائے امن، محبت اور رواداری کو فروغ دیں۔ فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تمام مکاتب فکر کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں،مذہبی ہم آہنگی کے لیے علمائے کرام کو اعتماد میں لیا جائے۔اشتعال انگیز تقاریر، مواد اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغامات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ مفتی ساجد حسین لغاری نے مزید کہا کہ محرم الحرام ہمیں قربانی، صبر، استقامت، اور حق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مہینہ کسی مخصوص مکتب فکر کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، امن، اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت کی قربانی نہ صرف تاریخ اسلام کا روشن باب ہے بلکہ انسانیت کے لیے ایک عالمگیر پیغام بھی ہے کہ ظالم کے سامنے کلمہء حق کہنا اصل کامیابی ہے۔ مفتی ساجد حسین لغاری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں اہل بیت کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔