ایرانی سفارتی حل کا خواہاں اور واشنگٹن کے جواب کا منتظر

امریکہ مذاکراتی دور میں دوبارہ فوجی طاقت کا استعمال نہ کرنے کی یقین دھانی کرائے،وزیرخارجہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 11:21

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ایرانی وزارت خارجہ نے سفارتی حل کی خواہش کا اظہار کیا لیکن مزید کہا کہ ہمیں امریکہ سے جواب درکار ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ ماجد تخت روانچی نے کہا کہ ہم سفارتی حل کے خواہاں ہیں لیکن ہمارے لیے سب سے اہم اور ایک بنیادی مسئلے پر امریکہ سے جواب حاصل کرنا ہے، انہیں ہمیں قائل کرنا چاہیے کہ وہ مذاکراتی دور میں دوبارہ فوجی طاقت کا استعمال نہیں کریں گے۔

یہ ہمارے ملک کے لیے ضروری ہے تاکہ ہم مذاکرات کے مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلہ کر سکیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی مذاکراتی وفد کے رکن نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون معطل کر دیں گے۔ یہ ایجنسی کے ساتھ مستقل اور ہموار تعاون کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تعین کرنے سمیت متعدد عوامل پر منحصر ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ویانا میں ہمارے سفیر نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل سے بات چیت کی ہے اور ان پر اپنا موقف واضح کیا ہے۔ماجد تخت روانچی نے وضاحت کی کہ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ سے پہلے معائنہ کاروں نے انتہائی افزودہ یورینیم والے مقامات کا دورہ کیا اور اس وجہ سے وہ اس مواد کی حالت سے پوری طرح واقف تھے۔ آئی اے ای اے کے معائنہ کار ایران سے نکل گئے۔