کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا یومِ شہادت ،مسلح افواج اور پوری قوم کا کارگل جنگ کے ہیرو کو شاندار خراجِ عقیدت

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) کارگل کے ہیرو، نشانِ حیدر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 26واں یومِ شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔مسلح افواج اور پوری قوم نے کارگل جنگ کے ہیرو کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں سے ہوا۔

علمائے کرام نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور ان کی قربانی کو وطن کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔ ملک کی مختلف مساجد میں ہونے والی تقاریب میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور شہدائ کے لیے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔علمائے کرام نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء کا لہو پوری قوم پر قرض ہے اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔علمائے کا مزید کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں، وہ ذلت اور رسوائی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہید کبھی مرتے نہیں، بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہوتے ہیں۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو شیرِ کارگل کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، جنہوں نے 5 جولائی 1999ء کو کارگل کے محاذ پر دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

ان کی جرات، قیادت اور قربانی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا؂ گیا ۔ علمائے کرام نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا بہادر سپوت تھے، جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر وطن کے دفاع کی ناقابلِ فراموش مثال قائم کی۔ قوم ان کے احسانات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ مسلح افواج نے بھی کارگل جنگ کے ہیرو کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف ایئر سٹاف، چیف آف نیول سٹاف اور اعلیٰ عسکری قیادت نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارگل کی جنگ کے دوران شہید کیپٹن کرنل شیر خان نے غیر معمولی دلیری، جوانمردی اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان مادرِ وطن پر قربان کی۔

ان کا کردار پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ روایات کا عملی مظہر ہے۔ شہید نے دشمن کے حملوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ اٴْن کا جذبہ ایثار، وفاداری، جرأت اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے ایک درخشاں مثال اور مشعلِ راہ ہے۔ مسلح افواج نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور قومی حمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ کیپٹن شیر خان شہید جیسے قومی ہیروز کی قربانیاں ہمارے حوصلوں کو بلند رکھتی ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔