عاشورہ ہمیں حق اور باطل، عدل اور ظلم کے درمیان ابدی جنگ کی یاد دلاتا ہے، بلاول بھٹو زر داری

کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہلِ بیت اور جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی ہر اٴْس انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے جو ظلم کے خلاف کھڑا ہوتا ہے اور حق پر ڈٹا رہتا ہے، چیئر مین پیپلز پارٹی کا بیان

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:15

کراچی / اسلام آباد / لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ ہمیں حق اور باطل، عدل اور ظلم کے درمیان ابدی جنگ کی یاد دلاتا ہے، کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہلِ بیت اور جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی ہر اٴْس انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے جو ظلم کے خلاف کھڑا ہوتا ہے اور حق پر ڈٹا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہادتِ امام حسینؓ صرف تاریخ کا ایک باب نہیں، بلکہ ہمارے دین کی روح ہے۔ یہ قربانی ہمیں ہمت، صبر، اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم چاہے کتنا ہی طاقتور ہو، اٴْس کے سامنے سر جھکانا مومن کا شیوہ نہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ عاشورہ کا دن عقیدت، وقار اور تمام مسالک کے احترام کے ساتھ منائیں اور اس عظیم قربانی کے اصل پیغام کو فروغ دیں جو اتحاد و امن ہے، آئیے، ہم حضرت امام حسینؓکی میراث سے حوصلہ لے کر ایک ایسا پاکستان بنائیں جو ناانصافی، فرقہ واریت اور خوف سے پاک ہو۔