نواسہ رسولﷺحضرت امام حسین کا یوم شہادت اتوارکو عقیدت و احترام سے منایا گیا

اتوار 6 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسین کا یوم شہادت اتوارکے روز ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ اس موقع پرشہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے ۔اس دوران علما کرام و ذاکرین نے واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالی نیزحضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں ہزاروں مقامات پر مذہبی اجتماعات اور تقاریب منعقد ہوئیں ،لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجلسوں اور جلوسوں کی سکیورٹی الرٹ رہی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرکابینہ کمیٹی برائے امن و امان میں مانیٹرنگ ہال سے پنجاب کے مختلف اضلاع کے مرکزی جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔تاریخی نثار حویلی سے نکلنے والے عاشورہ کے جلوس میں شامل عزاداروں نے ماتم داری اور نوحہ خوانی سے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھ شہدا کو پرسہ دیا اور شرکا نے امام حسین اور ان کے رفقا کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جلوس کے شرکا نے چوک رنگ محل پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس اپنے روایتی راستوں چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا تحصیل بازار ، بازارحکیماں، بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔جلوس کے روٹس پرپانی اور دودھ کی سبیلیں وافر مقدار میں لگائی گئی تھیں۔ جلوس کے شرکاء کی حفاظت کیلئے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، عاشورہ محرم الحرام کے دوران عزا داروں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں میں فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔

پنجاب ایمر جنسی سرو س کی طرف سے یوم عاشور پرماتمی جلوسوں کے دوران ایمرجنسی کورکی فراہمی کیلئے پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ریسکیو1122کے جوانوں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا ئی گئی تھیں۔ لاہور میں ٹریفک پولیس کی طرف سے بھی جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے گئے تھے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب دیگر وزرا کے ہمراہ کربلا گامے شاہ پہنچیں اور انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دریں اثنا یوم عاشور پر آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور سیف سٹی ہیڈکوارٹرز پہنچ گئے اور مرکزی جلوسوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔آئی جی پنجاب نے صوبہ بھرکے عزاداری جلوسوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی سیف سٹیزمحمد احسن یونس نے مانیٹرنگ کے انتظامات کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام حساس مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے بھی کور کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ مرکزی جلوسوں اورمجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نثار حویلی کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ،مرکزی مانیٹرنگ سیل کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ صورتحال مانیٹر کر تے رہے جبکہ اسلام آباد میں قائم مرکزی مانیٹرنگ سیل صوبائی حکومتوں کے کنٹرول رومز سے مسلسل رابطے میں رہا اور اطلاعات کا تبادلہ کیا جا تا رہا۔