پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماعبدالستار بچانی 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

عبدالستار بچانی کے انتقال پر صوبائی وزرا شرجیل میمن، ضیا لنجار، ذوالفقار شاہ، نثار کھوڑو اور وقار مہدی کا اظہار افسوس مرحوم پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے تھے، وہ ہمیشہ پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، ان کا انتقال ٹنڈو الہ یار کے عوام اور پیپلز پارٹی کا نقصان ہے،شرجیل میمن

پیر 7 جولائی 2025 12:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماعبدالستار بچانی 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔اہل خانہ کے مطابق عبد الستار بچانی کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عبدالستار بچانی کے انتقال پر صوبائی وزرا شرجیل میمن، ضیا لنجار، ذوالفقار شاہ، نثار کھوڑو اور وقار مہدی نے اظہار افسوس اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

عبدالستار بچانی ذوالفقارعلی بھٹو کے قریبی ساتھی تھے، وہ 1977 سے پارلیمنٹ کا حصہ رہے، اور ایم آر ڈی تحریک کا اہم کردار تھے، عبدالستار کئی بار ایم این اے اور ایم پی اے منتخب ہوئے، مرحوم ایم این اے ذوالفقار بچانی کے والد تھے۔سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے سابق صوبائی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی عبدالستار بچانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے تعزیتی بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم عبدالستار بچانی کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مرحوم عبدالستار بچانی کو ایک بااصول، ملنسار اور عوام دوست شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کے لیے وقف کی۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ جمہوریت اور عوام کے لیے ان کی سیاسی جدوجہد اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرحوم پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے تھے، وہ ہمیشہ پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، ان کا انتقال ٹنڈو الہ یار کے عوام اور پیپلز پارٹی کا نقصان ہے۔سینئر وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو بلند درجات عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور چاہنے والوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ ۔