پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، وزیرِ اعظم

شہباز شریف کا حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت

پیر 7 جولائی 2025 18:17

پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، وزیرِ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

پیر کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لئے کارگل جنگ کے دوران حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے عظیم قربانی دی،دشمن کے حملے حوالدار لالک جان کے حوصلے پست نہ کر سکے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید کی بہادری، شجاعت اور فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، افواج پاکستان کے شہدا اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔