شہید حوالدار لالک جان (نشانِ حیدر) کا 26 واں یومِ شہادت ، ملک بھر میں قرآن خوانی، دعاؤں اور شہید کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد

پیر 7 جولائی 2025 22:57

اسلام آبا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے کارگل کے عظیم ہیرو، شہید حوالدار لالک جان (نشانِ حیدر) کا 26 واں یومِ شہادت پورے ملک میں نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی، دعاؤں اور شہید کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، عسکری قیادت اور عوام الناس نے شہید کے جذبہ شہادت، بہادری اور بے مثال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرات و عزم کی روشن مثال ہے، اور ان کا نام پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید کی شجاعت اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لالک جان شہید کا جذبہ حب الوطنی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے بھی شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور انہیں سلامِ عقیدت پیش کیا۔ شہید حوالدار لالک جان نے 7 جولائی 1999 کو کارگل کے محاذ پر جامِ شہادت نوش کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ ملک کی مختلف مساجد میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعائیں ہوئیں، جن میں علمائے کرام، شہری، نوجوان اور سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

علمائے کرام نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، اور شہداء کا لہو ہمیشہ زندہ قوموں کی روح میں رواں رہتا ہے۔ حوالدار لالک جان کی قربانی کا پیغام آج بھی قومی وحدت، قربانی اور حب الوطنی کا استعارہ ہے، جسے پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔