Live Updates

ملک بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی خطرات بڑھ گئے ، این ڈی ایم اے

پیر 7 جولائی 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں متوقع موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں شدید موسمی صورتحال کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، سوات، چترال، مانسہرہ اور دیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جب کہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، اور پشاور سمیت میدانی علاقوں کے نشیبی حصے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر، مری، گلیات اور شمالی بلوچستان میں شدید بارشیں متوقع ہیں جن کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ بلوچستان کے بارکھان، خضدار، زیارت اور لورالائی جیسے اضلاع میں ندی نالوں کے بپھرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں، اور موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہیں۔ حکام کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات