ایف بی آر کا بڑا قدم، پاکستان میں پہلی بار AI پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف

ٹیکس نظام کو خودکار اور شفاف بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ AI پر مبنی سسٹم سے انسانی مداخلت کم ہو گی،شہباز شریف

پیر 7 جولائی 2025 23:01

ایف بی آر کا بڑا قدم، پاکستان میں پہلی بار AI پر مبنی کسٹمز کلیئرنس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2025ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم (RMS) متعارف کروا دیا ہے، جس سے درآمدات و برآمدات کے نظام میں شفافیت، رفتار اور سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ جدید نظام درآمدی و برآمدی اشیاء کی نوعیت اور مالیت کا تخمینہ مصنوعی ذہانت اور بوٹس کی مدد سے خودکار طور پر لگائے گا، جبکہ مشین لرننگ کے ذریعے مسلسل بہتر ہوتا رہے گا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا ابتدائی ٹیسٹنگ کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے، جن میں نظام نے 92 فیصد سے زائد بہتری کا مظاہرہ کیا۔

83 فیصد زائد گڈز ڈیکلریشن کی درست نشاندہی کی۔ گرین چینل کے ذریعے اشیاء کی تیز تر کلیئرنس ممکن ہوئی۔ اجلا س سے خطاب کرتے ہوے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس نظام کو خودکار اور شفاف بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ AI پر مبنی سسٹم سے انسانی مداخلت کم ہو گی، وقت اور وسائل کی بچت ہو گی، اور کاروبار میں آسانی پیدا ہو گی۔ وزیرِ اعظم نے نظام کو مزید مربوط، مؤثر اور پائیدار بنانے کی ہدایت کی اور اس انقلابی قدم پر ایف بی آر کی ٹیم کو سراہا۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیکس وصولی کو مؤثر بنانے کے لیے مینوفیکچرنگ شعبے میں ویڈیو اینالیٹکس پر مبنی اقدامات متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ اس جدید سسٹم نے ابتدائی ٹیسٹ میں 98 فیصد کارکردگی دکھائی اور انتہائی کم لاگت میں مؤثر ٹیکس مانیٹرنگ کا حل فراہم کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاء للہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ یہ اقدام ایف بی آر اصلاحات کے سلسلے میں ایک بڑا سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے جو ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، حکومتی آمدن بڑھانے اور کاروباری طبقے کے اعتماد میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔