Live Updates

خیبرپختونخواہ معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ہے، وسائل مزید بڑھا کر عوام پر خرچ کریں گے

عنقریب مستحق گھرانوں کیلئے سولرسسٹم منصوبے کا اجراء کررہے ہیں، احساس اپنا گھر اورسولراسکیم میں 100 فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا یے، وزیراعلی خیبر ختونخوا علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 جولائی 2025 20:52

خیبرپختونخواہ معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ہے، وسائل مزید بڑھا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ہے، وسائل مزید بڑھا کر عوام پر خرچ کریں گے، عنقریب مستحق گھرانوں کیلئے سولرسسٹم منصوبے کا اجراء کر رہے ہیں۔ انہوں نے ’‘ احساس اپنا گھر اسکیم “ کے تحت چیکس ڈسٹری بیوشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس اپنا گھر سکیم صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ اور غریب پرور منصوبہ ہے، یہ اسکیم کم آمدنی والے لوگوں کو اپنا چھت فراہم کرنے کے لئے عمران خان کے وژن کے حصہ ہے، اسکیم کے عملی اجراءکو ممکن بنانے پر محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبرکے حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ صوبے کے معاشی مسائل بہت حد تک حل ہو چکے ہیں، ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں سے صوبہ اب معاشی طور پر اپنے پاوں پر کھڑا ہوگیا ہے، ہم مزید اپنے وسائل بڑھائیں گے اور اپنے لوگوں پر خرچ کریں گے، ہم ہر سیکٹر میں لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عنقریب ہم مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے کا بھی اجراء کر رہے ہیں، احساس اپنا گھر اور سولر اسکیم میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا یے، میں عوام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس سلسلے میں کسی سیاسی سفارش کا سہارا نہیں لیا۔ میں پارلیمنٹیرینز کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس سلسلے میں تعاون کیا، سفارشی کلچر کی وجہ سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، ہم نے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ گنڈاپور نے کہا کہ ہم صوبے کے عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، نیو پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں صحت، تعلیم،  پینے کے پانی اور انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کریں گے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے ضم اضلاع کے حوالے سے قائم کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے، مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلی کے نمائندہ کی حیثیت سے شرکت کی، کمیٹی کو وزیراعلی کے تحفظات سے آگاہ کیا، چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا بھی اجلاس میں شریک تھے، خیبر پختونخوا کی مشاورت کے بغیر کمیٹی کی تشکیل سوالیہ نشان ہے، ضم شدہ اضلاع کا سب سے بڑا اسٹیک ہولڈر خیبر پختونخوا ہے، مگر کمیٹی کی تشکیل میں خیبر پختونخوا سے مشاورت نہیں کی گئی۔

ضم اضلاع ایک حساس علاقہ ہیں، وہاں کسی بھی قسم کی تبدیلی خیبر پختونخوا سے مشاورت کے بغیر ناقابلِ قبول ہوگی، ضم اضلاع خیبر پختون خوا کا باقاعدہ حصہ ہے کمیٹی کی تشکیل کی مشاورت میں نظرانداز کرنا قابل قبول نہیں ہے، امیر مقام کون ہے خیبر پختون خوا کے ضم اضلاع کا فیصلہ کرنے والے؟ امیر مقام تو خود مسترد شدہ ہیں اور فارم 47 کے سہارے پارلیمنٹ پہنچا ہے، مسترد شدہ آدمی کیسے قبائلی اضلاع کے فیصلہ کرسکتے ہیں، کمیٹی کے ارکان کس نے اور کیسے منتخب کیے، ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستیں لینے کیلئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے میں درخواست دائر کردی۔ جسٹس انعا م امین منہاس (آج) منگل کو درخواست پر سماعت کریں گے۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے الیکشن کمیشن کا 5 اپریل کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا اور استدعاء کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو 4مارچ کا نوٹیفکیشن درست کرنے کا حکم دیا جائے۔پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے موقف اپنایا ہے کہ انہیں ان کے حصہ کے مطابق کے پی میں مخصوص نشستیں دی جائیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات